سندھ میں گورنر راج ۔۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بڑا اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلاول پریشان نہ ہوں، سندھ میں گورنرراج نہیں لگائیں گے، عدم اعتماد کو جمہوری اور سیاسی طریقے سے شکست دیں گے،اتحادی جماعتیں ایم کیوایم اور ق لیگ آج بھی ہمارے ساتھ ہیں۔

 

 

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس کے بعد وفاقی وزراء فواد چودھری اور اسد عمر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد سے متعلق تبادلہ خیال ہوا اور وزیراعظم کو اپنے مشورے بھی دیے۔اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ عدم اعتماد کو آئینی قانونی دائرے میں رہتے ہوئے جمہوری اور سیاسی طریقے سے شکست دیں گے۔قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ ہم تحریک عدم اعتماد کے روز راستے کی رکاوٹ بنیں گے، ارکان کو جانے نہیں دیں گے، یہ ایک منفی پروپیگنڈا ہے، اس ابہام کو ہمیشہ کے لیے دفن کرنا چاہتا ہوں کہ ایسا کچھ نہیں ہے۔ دوسری بات سندھ میں گورنر راج کے نفاذ کی ہے،سب کی رائے ہے کہ گورنر راج کی ضرورت نہیں ہے، ماضی کے تجربات سامنے ہیں، گورنر راج کا ہمارا ایسا کوئی ارادہ تھا اور نہ ہی ہے۔سب نے اپنی رائے دی کہ اس کی ضرورت نہیں ہے۔ سعید غنی اور بلاول پریشان نہ ہوں، سندھ میں گورنرراج نہیں لگائیں گے۔تیسری چیز ہمارے اتحادیوں سے متعلق ہے، قیاس آرائیاں ہورہی ہیں کہ وہ چھوڑ جائیں گے۔

 

میں تسلسل کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ وہ نہیں جائیں گے، میں ایک سیاسی کارکن ہوں، میں ان کے مزاج کو سمجھتا ہوں، وہ سیاسی گھرانہ ہے، وہ سیاسی فیصلے کرتے ہیں جذباتی نہیں۔ ماضی میں ن لیگ نے ان کے راستے میں کانٹے بچھائے تحریک انصاف نے نہیں بچھائے۔ کہا جا رہا ہے کہ ق لیگ کو وزارت اعلیٰ دی جارہی ہے جبکہ ن لیگ کی اکثریت ہے، وہ جب چاہیں قالین کھینچ لیں گے۔ اسی طرح ایم کیوایم کے چھوڑنے کی بھی غیرمنطقی سی بات ہے، جبکہ ایم کیوایم کراچی میں پیپلزپارٹی کی نفی ہے۔

close