وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس، یونیورسل پاکستان ایمرجنسی ہیلپ لائن بارے میں بریفنگ دی گئی

اسلام آباد(آئی این پی )حکومت جرائم کی روک تھام کے لیے یونیورسل پاکستان ایمرجنسی ہیلپ لائن پہل 911کا اجرا کرے گی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزارت داخلہ اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے متعلقہ افسران کے اجلاس کی صدارت کی جس میں یونیورسل پاکستان ایمرجنسی ہیلپ لائن پہل 911کے قیام کے بارے میں وزیر اعظم کو اپ ڈیٹ سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد ، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل ، سیکرٹری داخلہ ، چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ،چیئرمین نادرا ، چیف کمشنر اسلام آباد، ڈی جی نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی )، ڈی جی نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی )اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بین الصوبائی رابطوں سمیت تمام ضروری کام مکمل ہوچکا ہے ، اوراکتوبر 2021کے پہلے ہفتے تک ہیلپ لائن باقاعدہ افتتاح کے لیے تیار ہو گی،وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ملک میں جرائم پر قابو پانے کے لیے جلد از جلد سروس کے آغاز میں تمام رکاوٹوں کو دور کریں، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لوگوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے،وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ اس ہیلپ لائن کے اجرا سے ملک میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی کیونکہ جرائم کے خلاف بروقت کاروائی عمل میں لائی جا سکے گی۔

close