تحریک انصاف نے عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کردیا

اسلام آ باد (آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف نے عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کر دیاجبکہ چودھری لطیف اکبر متحدہ اپوزیشن کے امیدوار ہوں گے ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عبدالقیوم نیازی ایک متحرک اور حقیقی سیاسی کارکن ہیں جن کا دل کارکنوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ طویل مشاورت اور تجاویز کے جائزے کے بعد وزیر اعظم پاکستان و چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے آزاد کشمیر اسمبلی کے نومنتخب ایم ایل اے عبدالقیوم نیازی کو وزیر اعظم آزاد کشمیر کے عہدے کیلئے نامزد کیا ہے ۔ وہ ایک متحرک اور حقیقی سیاسی کارکن ہیں جن کا دل کارکنوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے 5 امیدواروں کے انٹرویوز لیے تھے جن میں سردار تنویر الیاس، بیرسٹر سلطان محمود، خواجہ فاروق، اظہر صادق اور عبدالقیوم نیازی شامل تھے۔ پہلے پہل عبدالقیوم نیازی وزیراعظم آزاد کشمیر کے عہدے کی دوڑ میں شامل نہیں تھے لیکن پھر ان کا نام اچانک سامنے آیا تھا۔ گزشتہ روز تحریک انصاف کے امیدوار انوارالحق آزاد کشمیر اسمبلی کے اسپیکر اور ریاض گجر ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے تھے۔ واضح رہے سردارعبدالقیوم نیازی ایل اے 18 عباس پور سے منتخب ہوئے، ان کا تعلق ضلع پونچھ کی تحصیل عباس پور سے ہے۔ عبدالقیوم نیازی اس سے پہلے وزیر خوراک رہ چکے ہیں۔ وہ 2006 میں مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے کامیاب ہوئے۔ عبدالقیوم نیازی 2 سال پہلے مسلم کانفرنس چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہوئے۔

close