گلگت بلتستان، جھیلیں پھٹنے کا الرٹ جاری، سیاحوں کو بھی خبردار کر دیا گیا

گلگت (پی این آئی) گلگت بلتستان کی کئی منجمد جھیلیں پھٹنے کا الرٹ جاری، سیاحوں کو خطرناک قرار دیے گئے علاقوں کا رخ نہ کرنے کی تلقین، متعلقہ حکام ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار۔ تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کی انتظامیہ نے جاری مون سون سیزن کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے بعد سیاحوں کیلئے الرٹ جاری کیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ گلگت کے مختلف علاقوں میں واقع منجمد جھیلیں پھٹنے کا خدشہ ہے، اس لیے سیاحوں کو خطرناک قرار دیے گئے علاقوں کا رخ نہ کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان میں ان دنوں بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں لینڈ سلائڈنگ اور دریاوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہو چکی، اس لیے سیاح اپنی نقل و حرکت کے حوالے سے احتیاط کریں۔دوسری جانب چترال میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے تباہی مچ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ چترال کے علاقے وادی گرم چشمہ اور شیشی کوہ ویلی میں موسلادھار بارش نے متعدد دیہات میں تباہی مچاتے ہوئے فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچایا اور کئی گھربھی متاثر ہوگئے اور موٹر گاڑیوں کی ٹریفک بند ہوگئی۔ گرم چشمہ کے نواح میں واقع پانچ دیہات نارکوریت، اویرک، مونور، بشقیر اور کندوجال کا رابطہ ضلعے کے دوسرے حصوں سے کٹ کر رہ گئی ہے۔علاقے کے باشندوں نے فون پر بتایاکہ سیلابی ریلے نے ان دیہات میں واٹر سپلائی اسکیموں اور ابپاشی کی نہروں کو بھی بہا لے گیا ہے اور عوام سخت مشکل میں مبتلا ہیں۔ شیشی کوہ ویلی میں سیلابی ریلا سیاحتی مقام مداک لشٹ جانے والی سڑک کے آدھا کلومیٹر کو بھی بہا لے گیا۔ اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

close