میاں جلیل شرقپوری نے علما ءکرام کا نیا پلیٹ فارم بنانے کا اعلان کردیا

اسلام آباد (پی این آئی )رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل شرقپوری نےعید کے بعد تمام علماء کرام اکٹھے ہونے کا عندیہ دے دیا، باقاعدہ علماء کرام کا نیا پلیٹ فارم بنے گا، علماکرام ہی ملک کو درست سمت کی طرف لے کر جاسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ممبر پنجاب اسمبلی جلیل احمد شرقپوری نے اتحاد اہلسنت اور استحکام پاکستان کے حوالے سے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت پوری دنیا کی نظروں میں ہے، دنیا کی کسی اور اسلامی ملک پر اتنی نظر نہیں جتنی پاکستان پر ہے۔ نجی ٹی وی ٹوئنٹی فور کے مطابق ممبر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ جس مقصد کیلئے پاکستان بنایا گیا، اس کی کوشش نہیں کی گئی، لوگوں نے اپنے اپنے خاندان کیلئے خود کو مضبوط کیا، عید کے بعد علماکنونشن ہوگا، علما اہلسنت شدت سے محسوس کر رہے ہیں کہ علما متحد ہوں، علماکرام ہی ملک کو درست سمت لے کر جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کا فیصلہ جلد بازی میں کیا گیا، بینظیر بھٹو کے قتل پر ملک میں جلاوگھیراو ہوا لیکن کسی نے پیپلزپارٹی پر پابندی نہیں لگائی، کل اچانک حکومت نے دوبارہ ٹی ایل پی پر پابندی میں توسیع کردی، چند حکومتی وزراء عمران خان کو گمراہ کررہے ہیں۔

close