حلقہ پی پی 38ضمنی الیکشن، پی ٹی آئی کیلئے بڑی خوشخبری، مخالف امیدوار ہی تحریک انصاف کے امیدوار کے حق میں دستبردار

لاہور(پی این آئی)سیالکوٹ کےحلقہ پی پی38کےضمنی الیکشن میں شہر کی معروف سیاسی شخصیت و سابق ایم پی اے طاہر محمود ہندلی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کےامیدوار کے حق میں دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے ہیں،طاہر محمود ہندلی نے یہ اعلان وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات میں کیا ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سیالکوٹ کی معروف سیاسی شخصیت و سابق ایم پی اے طاہر محمود ہندلی نے ملاقات کی اور وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئےحلقہ پی پی 38 سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کردیا اور ساتھ ہی اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے۔طاہر محمود ہندلی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار کو مکمل سپورٹ کرتے ہیں،علاقے کی ترقی کیلئے تحریک انصاف کے امیدوار کی کامیابی ضروری ہے،ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار کا بھرپور ساتھ دیں گے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے طاہر محمود ہندلی کی پارٹی میں شمولیت پرخیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار کے حق میں دستبرداری پر طاہر محمود ہندلی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف صرف عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف پاکستان کی مضبوط ترین جماعت ہے،ضمنی الیکشن میں عوام شفاف اور ایماندار امیدوار کو کامیاب کرائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

close