ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی منظوری

لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت شاہراہ قائد اعظم پر صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں نئے مالی سال 2021-22کے بجٹ کی تجاویز کی منظوری دی گئی-کابینہ اجلاس میں صوبہ پنجاب کے نئے مالی سال 2021-22 کی بجٹ تجاویز اتفاق رائے سے منظورکی گئیں -کابینہ نے ضمنی بجٹ مالی سال2020-21کی منظوری دی-کابینہ کے اجلاس میں مالی سال 2020-21کے بجٹ کے نظرثانی شدہ تخمینہ جات کی بھی منظوری دی گئی-اجلاس میں مالیاتی بل 2021 کی بھی منظوری دی گئی-پنجاب کابینہ نے صوبائی ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کی منظوری دی ہے-کابینہ اجلاس میں بورڈ آف ریونیو کی جانب سے زرعی ٹیکس میں اضافے کی تجویز پیش کی گئی-وزیراعلی عثمان بزدار نے زرعی ٹیکس میں اضافے کی تجویز کو رد کر دیا-وزیراعلی عثمان بزدار اور پنجاب کابینہ نے زرعی ٹیکس بڑھانے کی تجویز کو اتفاق رائے سے مسترد کیا-وزیر اعلی عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسان پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔آج پی ٹی آئی کے دور میں کاشت کار خوشحال ہے۔کاشتکار کو مزید خوشحال بنائیں گے اور ریلیف دیں گے۔پنجاب کابینہ نے ورکرز کی کم از کم اجرت میں اضافے کی منظوری دی اور ورکرز کی کم از کم اجرت 17500سے بڑھا کر 20ہزار روپے کرنے کا احسن فیصلہ کیا گیا ہے – وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بہترین بجٹ پر صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ محکموں کے افسران کی کارکردگی کی تعریف کی -وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ترقیاتی بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کیا جارہا ہے۔پہلی بار ہر ضلع کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیا گیا ہے۔بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں -بجٹ میں حقیقت پسندانہ اہداف مقرر کئے گئے ہیں -صوبے کے عوام کی بنیادی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترجیحات کا تعین کیا گیا ہے۔ یہ بجٹ اعدادوشمار کی جادوگری نہیں بلکہ متوازن ترقی پر مبنی حقیقی دستاویزہے-نااہل اورناکام اپوزیشن کا کام صرف شور مچانا رہ گیا ہے۔حکومت کے اچھے کاموں پر تنقید برائے تنقید کرنا انہیں زیب نہیں دیتا۔اپوزیشن نے کورونا وباء کے دوران بھی صرف واویلا کیااورعوام کو تنہا چھوڑے رکھا-بجٹ اجلاس کے دوران اراکین اسمبلی سے مسلسل رابطہ رہے گا۔ اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے57 ویں اور58 ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی-اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور کے60 ویں،61 ویں اور62 ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی-سیکرٹری خزانہ نے صوبائی بجٹ اور چیرمین پی اینڈ ڈی نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے اہم خد و خال کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دی-اجلاس میں صوبائی وزرائ، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی

close