سینیٹ الیکشن 2021: حکمران جماعت سینیٹ میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام ہو گئی ، کتنی نشستیں حاصل ہو سکیں؟ غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ آگیا

کراچی (پی این آئی) حکومت سینیٹ میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی، تمام نشستوں کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج سامنے آگئے، حکمراں اتحاد 47 جبکہ اپوزیشن کی نشستوں کی تعداد 53 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی کل 48 نشستوں کے الیکشن کے سلسلے میں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں ہونے

والی ووٹنگ کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج سامنے آ چکے۔اب تک موصول ہونے والے مجموعی غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق حکمراں جماعت تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے۔ تحریک انصاف نے 18 نئی نشستیں حاصل کر کے کل 28 نشستیں حاصل کر لیں۔ پیپلز پارٹی نے 8 نئی اور کل 21 ، مسلم لیگ ن نے 5 نئی اور کل 18 نشستیں حاصل کی ہیں۔ جبکہ بی اے پی کو 6 نئی اور کل 12 نشستیں ملی ہیں۔اس کے علاوہ ایم کیو ایم پاکستان کو بھی کل 3 نشستیں مل چکیں، مسلم لیگ ق نے ایک نشست حاصل کی ہے۔آزاد امیدوار بھی اب تک 6 نشستیں حاصل کر چکے۔ تاہم تحریک انصاف سینیٹ کی سب سے بڑی جماعت بننے کے باوجود ایوان میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتوں کی سینیٹ میں اپوزیشن کی کل نشستوں سے 6 نشستیں کم ہیں۔واضح رہے کہ آج سینیٹ کی 37 نشستوں پر الیکشن ہوا جس کے لیے پولنگ کا عمل صبح 9 بجے شروع ہوا، پولنگ کا عمل 5 بجے تک جاری رہا۔سینیٹ انتخابات کے لیے قومی اور تین صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ ہوئی۔ پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔ پنجاب کی 12 نشستوں پر پہلے ہی بلامقابلہ انتخاب مکمل ہو شکا تھا اس لیے آج پنجاب اسمبلی میں ووٹنگ نہیں ہوئی۔ قومی اسمبلی کے 341 اراکین میں سے 340 نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا جب کہ جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدلااکبر چترالی نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔این اے 75 ڈسکہ سے کوئی ممبر قومی اسمبلی میں نہیں ہے کیونکہ یہاں پر الیکشن کمیشن نے دوبارہ انتخابات کااعلان کر رکھا ہے۔ اسلام آباد کی 2، سندھ کی 11، خیبرپختونخوا کی 12 اور بلوچستان کی 12 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔ صوبوں کی نشستوں پر ارکان صوبائی اسمبلی نے ووٹ ڈالا۔ جبکہ اسلام آباد کی 2 نشستوں پر ارکان قومی اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیا۔ اسلام آباد کی جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے یوسف رضا گیلانی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا۔

close