//

دنیا کا پہلا پاسپورٹ فری ائیرپورٹ

دبئی (آئی این پی): متحدہ عرب امارات کے دبئی ائیرپورٹ نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی جدید نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے مسافر پاسپورٹ یا دیگر سفری دستاویزات دکھائے بغیر چند سیکنڈ میں امیگریشن کا عمل مکمل کر سکتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اس جدید نظام کا آغاز ستمبر 2025 میں روانہ ہونے والے مسافروں کے لیے کیا گیا تھا، جبکہ اب اسے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے بھی توسیع دے دی گئی ہے۔

یہ سسٹم مصنوعی ذہانت، بائیومیٹرک کیمروں اور فلائٹ ڈیٹا کی مدد سے مسافروں اور ان کے سامان کی جانچ پڑتال چند سیکنڈ میں مکمل کرتا ہے۔ ایک وقت میں 10 مسافر بیک وقت بارڈر کنٹرول سے گزر سکتے ہیں اور انہیں پاسپورٹ، شناختی دستاویز یا بورڈنگ پاس دکھانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

مسافر صرف دبئی پہنچنے سے قبل اپنی پاسپورٹ تفصیلات اور بائیومیٹرک رجسٹریشن مکمل کرتے ہیں، جس کے بعد ٹرمینل تھری میں ریڈ کارپٹ لین سے گزرتے ہوئے بغیر رکے امیگریشن کلیئر کر لیتے ہیں۔

حکام کے مطابق اس جدید نظام کے ذریعے ایک مسافر کی کلیئرنس میں اوسطاً 3.4 سیکنڈ لگتے ہیں، جس سے سفر کا وقت نمایاں طور پر کم ہو جاتا ہے۔

دبئی ائیرپورٹس کے چیف ایگزیکٹو پال گریفتھ نے کہا کہ نئی کیمرا ٹیکنالوجی کی بدولت مسافروں کو ملک میں داخلے یا روانگی کے دوران پاسپورٹ ہاتھ میں رکھنے یا گیٹ ریڈرز سے گزرنے کی ضرورت نہیں رہتی۔

انہوں نے بتایا کہ فی الحال اس ٹیکنالوجی کا آزمائشی نفاذ فرسٹ کلاس مسافروں کے لیے کیا جا رہا ہے، جسے مرحلہ وار تمام مسافروں تک توسیع دی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close