طا لبعلموں کیلئے اہم خبر ، نئی طرز کی کتابیں متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا

پنجاب میں پرائمری سطح پر تدریس کے نظام میں اہم تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پانچویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے نئی طرز کی ایکٹیویٹی بیسڈ کتابیں متعارف کرائی جائیں گی۔

 

پیکٹا حکام کے مطابق نئی کتابیں 2027 کے نئے تعلیمی سیشن سے متعارف کرائی جائیں گی اور ان کی تیاری نئے کریکولم کے مطابق شروع کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب میں پہلی بار پانچویں جماعت تک کے لیے کتابوں کا ایکٹیویٹی بیسڈ نظام تیار کیا جا رہا ہے جس میں روایتی تدریسی طریقے کے بجائے طلبہ کو سرگرمیوں کے ذریعے تعلیم دی جائے گی۔

 

پیکٹا حکام کے مطابق نئے نظام کا مقصد طلبہ کو رٹے کے نظام سے نکال کر ان کی عملی اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ ایکٹیویٹی بیسڈ کتابوں کے ذریعے پرائمری کلاسز میں عملی سرگرمیوں پر مبنی تعلیم کو فروغ ملے گا اور بچوں کو نصابی مواد سمجھنے کے ساتھ اسے عملی زندگی سے جوڑنے کے زیادہ مواقع ملیں گے۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ نئے کریکولم کے مطابق کتابوں کی تیاری کا عمل شروع ہو چکا ہے اور پنجاب میں نئی طرز کی کتابوں سے تدریس کا باقاعدہ آغاز 2027 کے نئے تعلیمی سیشن سے ہوگا۔