گھوسٹ ملازمین کی شامت آگئی ، محکمہ سکول ایجوکیشن کا بڑا فیصلہ

*سندھ میں گھوسٹ ملازمین کے خلاف کریک ڈاؤن، 6 اضلاع میں فیس ریکگنیشن حاضری لازمی*

سندھ حکومت نے محکمہ اسکول ایجوکیشن میں موجود گھوسٹ ملازمین کے خلاف کارروائی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں 6 اضلاع میں اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کے لیے ڈیجیٹل حاضری کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔

حکومتی فیصلے کے مطابق 17 اگست سے کراچی شرقی، حیدرآباد، عمرکوٹ، نوشہروفیروز، جیکب آباد اور گھوٹکی کے اسکولوں میں تدریسی اور غیر تدریسی اسٹاف کی حاضری چہرے کی شناخت کے ذریعے ریکارڈ ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے نظام کا بنیادی مقصد اسکولوں میں موجود جعلی ملازمین کی نشاندہی کرنا اور حاضری کے نظام میں شفافیت لانا ہے۔ فیس ریکگنیشن سے ہر ملازم کی موجودگی روزانہ کی بنیاد پر ریکارڈ کی جائے گی۔

غیر حاضر رہنے والے ملازمین کے خلاف مرحلہ وار کارروائی ہوگی۔ پہلے تین شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں گے۔ اگر حتمی نوٹس کے بعد بھی کوئی ملازم ڈیوٹی پر حاضر نہ ہوا تو اسے گھوسٹ تصور کر کے ملازمت سے برطرف کر دیا جائے گا۔