طالبعلموں سے متعلق حکومت نے والدین کی بڑی مشکل آسان کردی

اسکولوں میں مفت درسی کتب کی تقسیم کا نیا پلان تیار کرلیا گیا، نئے تعلیمی سیشن کے آغاز سے قبل طلباء کو کتابیں فراہم کی جائیں گی۔

 

تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری اسکولوں میں طلباء کو مفت کتابوں کی فراہمی میں درپیش مشکلات کے حل کے لیے محکمہ تعلیم نے تقسیم کا نیا فارمولا جاری کر دیا۔

نئے پلان کے تحت جہاں بعض جماعتوں کو مکمل نئی کتابیں دی جائیں گی، وہیں دیگر کے لیے “بک بینک” کا سہارا لیا جائے گا۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا کہ پہلی سے تیسری جماعت کے تمام طلباء کو 100 فیصد نئی کتابیں ، چوتھی اور پانچویں جماعت کے 80 فیصد طلباء جبکہ ششم سے دہم جماعت میں 50 فیصد طلباء کو نئی کتابیں دی جائیں گی، تاہم دہم جماعت کے لیے نیا سلیبس ہونے کے باعث انہیں 100 فیصد نئی کتابیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ جن طلباء کو نئی کتابیں نہیں مل سکیں گی، انہیں بک بینک کے ذریعے سابقہ طلباء سے اکٹھی کی گئی قابلِ استعمال پرانی کتابیں فراہم کی جائیں گی۔

اس سلسلے میں اسکولوں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ فارغ التحصیل ہونے والے طلباء سے کتابیں جمع کریں۔

پنجاب بھر کے ضلعی اور تحصیل ویئر ہاؤسز میں نئی کتابیں پہنچا دی گئی ہیں، نئے تعلیمی سیشن کے آغاز سے قبل طلباء کو کتابوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، کتابوں کی تقسیم اسکولوں میں طلباء کی تازہ ترین انرولمنٹ (داخلوں) کے مطابق کی جائے گی۔

محکمہ تعلیم نے تمام متعلقہ حکام کو مفت درسی کتب کی شفاف تقسیم یقینی بنانے کی سخت ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی طالب علم کا تعلیمی حرج نہ ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close