سولر سسٹم صارفین کیلئے اچھی خبر، بیٹریز کی قیمتوں میں بڑی کمی

لاہور: سولر سسٹم میں استعمال ہونے والی لیتھیم بیٹریز کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، مختلف بیٹریز کی قیمتیں 20 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک کم ہوگئی ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق آن گرڈ، ہائبرڈ اور آف گرڈ سولر سسٹمز میں استعمال ہونے والی لیتھیم بیٹریز کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، جس کے بعد سولر سسٹم لگوانے والے صارفین کے لیے لاگت میں کمی آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق 5 کلوواٹ لیتھیم بیٹری کی قیمت 2 لاکھ 50 ہزار روپے سے کم ہو کر 2 لاکھ 30 ہزار روپے ہوگئی ہے جبکہ 16 کلوواٹ بیٹری کی قیمت 7 لاکھ 50 ہزار روپے سے کم ہو کر 6 لاکھ 50 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔

مارکیٹ میں لیتھیم بیٹریز کے ساتھ سولر پینلز کی قیمتوں میں بھی کمی کے باعث صارفین کی جانب سے سولر سسٹم لگوانے میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔

دوسری جانب نیٹ میٹرنگ پالیسی میں تبدیلی کے بعد صارفین کی ایک بڑی تعداد آف گرڈ اور ہائبرڈ سولر سسٹمز کی جانب بھی متوجہ ہو رہی ہے۔ ایسے صارفین بجلی کے متبادل انتظام کے لیے لیتھیم بیٹری اسٹوریج کو سولر سسٹم کا حصہ بنا رہے ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ سولر پینلز اور لیتھیم بیٹریز کی قیمتوں میں کمی سے گھریلو اور کاروباری صارفین کے لیے سولر سسٹم لگوانے کی ابتدائی لاگت میں کمی واقع ہوئی ہے، جس کے باعث مارکیٹ میں سولر مصنوعات کی طلب میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔