گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ اس عرصے کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 55 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 38 روپے سے زائد کا اضافہ کیا جا چکا ہے۔
زیرِ جائزہ مدت کے دوران پیٹرول کی قیمت 315 روپے 80 پیسے سے بڑھ کر 370 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہو گئی، جبکہ ڈیزل کی قیمت 360 روپے سے بڑھ کر 398 روپے 4 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی۔
اس دوران ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں بھی 14 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد لیوی 66 روپے سے بڑھا کر 80 روپے فی لیٹر کر دی گئی۔ ڈیزل کی موجودہ قیمت میں تقریباً 25 فیصد حصہ پیٹرولیم لیوی کا ہے، جبکہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں تقریباً 24 فیصد لیوی شامل ہے۔
پیٹرولیم اور کاربن لیوی کی مد میں مجموعی طور پر 3 ہزار 137 ارب روپے وصول کیے جا چکے ہیں، جبکہ رواں مالی سال کاربن لیوی کی مد میں 100 ارب روپے سے زائد وصولی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مالی سال 2025-26 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1567 ارب روپے وصول کیے گئے، جو مقررہ ہدف سے 99 ارب روپے زیادہ تھے۔ اس سے قبل مالی سال 2024-25 میں جولائی سے جون کے دوران 1220 ارب روپے کی پیٹرولیم لیوی وصول کی گئی تھی، جبکہ مارچ سے جون 2024 کے دوران پیٹرولیم لیوی سے 300 ارب روپے آمدن حاصل ہوئی۔
رواں مالی سال پیٹرولیم لیوی کی وصولی کا ہدف 1676 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔






