اچھی خبر ، کرایوں میں کمی کا اعلان

ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے فی لیٹر کمی کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز نے مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

 

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز کے صدر نبیل محمود طارق نے ڈیزل کی قیمت میں کمی کے حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے تجارتی سامان کی ترسیل کے اخراجات کم ہوں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ فیول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ٹرانسپورٹ انڈسٹری کو مشکلات کا سامنا تھا۔ ڈیزل کی قیمت میں کمی سے ان مشکلات میں کمی آئے گی۔

 

نبیل محمود طارق کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز نے ڈیزل کی قیمت میں کمی کا فائدہ کاروباری طبقے اور صارفین تک پہنچانے کے لیے کرایوں میں 10 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

 

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کو کم از کم ایک ہفتے تک برقرار رکھا جائے تاکہ ٹرانسپورٹرز اور کاروباری طبقہ اس کے فوائد حاصل کر سکے۔