اب ہر ماہ تنخواہ کس تاریخ تک ملے گی؟ ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز کو ہر ماہ 5 تاریخ سے پہلے تنخواہ دینے کا حکم دے دیا ہے۔ بروقت ادائیگی نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کا بھی انتباہ کیا گیا ہے۔

 

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ستھرا پنجاب کی 151 کمپنیوں میں سے 149 کمپنیوں کے ورکرز کو ادائیگیاں مکمل کر دی گئی ہیں۔ روجھان اور چوبارہ میں ادائیگی نہ کرنے پر متعلقہ کمپنی کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی کی گئی۔

 

مریم نواز نے کہا کہ صفائی آپریشن میں کوتاہی اور مبینہ گھپلوں پر سخت ترین قانونی کارروائی ہوگی۔ ستھرا پنجاب میں کرپشن اور غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دفتروں میں بیٹھ کر تنخواہ لینے والے قبول نہیں، سب کو عملی طور پر کام کرنا ہوگا۔

 

وزیراعلیٰ نے ایم ڈی واسا کو روزانہ کم از کم 2 گھنٹے فیلڈ میں گزارنے اور ٹی ایم اوز و ایف ایم اوز کو روزانہ کم از کم 5 یونین کونسلز کا دورہ کر کے صفائی کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔

 

ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں ستھرا پنجاب اینٹی لٹرنگ اسکواڈ فعال کرنے کا حکم دیا گیا۔ ای بائیکس پر سوار یہ اسکواڈز سڑکوں، گلیوں اور بازاروں میں صفائی اور کچرے کی نگرانی کریں گے۔ ستھرا پنجاب ورکرز کے لیے مری کی طرز پر گاربیج بیگ ساتھ رکھنا بھی لازمی قرار دیا گیا۔

 

شہریوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کمرشل اور رہائشی علاقوں میں مستقل صفائی رکھنے والوں کو “انوائرمنٹ فرینڈلی سٹیزن” اسٹیکر، گفٹ یا سرٹیفکیٹ دینے کی ہدایت کی گئی۔

 

وزیراعلیٰ نے شہروں اور دیہات میں اسٹاف کی غیر حاضری کی رپورٹس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے عوامی شکایات فوری حل کرنے کا حکم دیا۔ لاہور میں گلی محلوں، سڑکوں کے اطراف پلاٹس، ویسٹ انکلیوژرز کی صفائی اور ٹوٹی دیواروں و دروازوں کی مرمت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ مکینیکل سویپرز کی مرمت کا روزانہ جائزہ لینے کا بھی کہا گیا۔

 

نکاسی آب بہتر بنانے کے لیے ڈی سلٹنگ جاری رکھنے اور ستھرا پنجاب کے ایم ڈیز، ایف ایم اوز اور ٹی ایم اوز کے کے پی آئیز مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی۔

 

مریم نواز نے کہا کہ وہ ہر شہر میں ستھرا پنجاب کمپنی کی کارکردگی کی رپورٹ خود مانیٹر کریں گی۔ ناقص کارکردگی پر ایم ڈی ستھرا پنجاب کو 3 سال تک پوسٹنگ نہ دینے کی پالیسی بنانے کا حکم بھی دیا گیا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب عوام کی سہولت اور صفائی کا اہم پروگرام ہے۔ مرکزی سڑکوں پر گندگی سے بھرے ویسٹ انکلیوژرز افسوسناک ہیں اور صفائی کے نظام میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں ہوگی۔