لاہور (آئی این پی): لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی کی سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی نہ بنائی جا سکی، جس کے باعث شہری مہنگے داموں گیس خریدنے پر مجبور ہیں۔
مارکیٹ میں سرکاری قیمت 241 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مختلف دکانوں پر ایل پی جی 350 سے 450 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جس سے گھریلو صارفین کو اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی فروخت یقینی بنائی جائے اور زائد قیمت وصول کرنے والے ڈیلرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب ایل پی جی فروشوں کا مؤقف ہے کہ انہیں گیس ہی مہنگے داموں مل رہی ہے، اس لیے وہ سرکاری نرخوں پر فروخت نہیں کر سکتے۔ دکانداروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پلانٹس اور ڈسٹری بیوٹرز کے خلاف کارروائی کر کے سپلائی نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ صارفین کو مقررہ قیمت پر ایل پی جی فراہم کی جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






