پاکستان کا آئی ایم ایف سے معاہدہ طے پا گیا کتنے کروڑ ڈالر ملیں گے؟

اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف کی سطح پر معاہدہ طے پا گیا، آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر ملیں گے۔آئی ایم ایف اعلامیہ کے مطابق پاکستان نے تمام معاشی اہداف حاصل کر لیے، آئندہ چند ماہ میں مہنگائی میں کمی کا امکان ہے۔آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ مارکیٹ بنیاد پر ایکسچینج ریٹ پر عمل جاری رکھنے کا وعدہ کیا گیا ہے، سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے اصلاحات کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق 70 کروڑ ڈالر ملنے سے جاری کردہ رقم 1.9 ارب ڈالر ہو جائے گی۔اعلامیہ کے کہا گیا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت معاشی بحالی جاری ہے، دوست ممالک کے تعاون سے پاکستان میں معاشی استحکام آرہا ہے۔آئی ایم ایف نے کہا کہ وفاقی بجٹ پر عملدرآمد سے پالیسیوں میں تسلسل آیا ہے، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بروقت ایڈجسٹمنٹ کی گئی، پاکستان مارکیٹ کی بنیاد پر ایکسچینج ریٹ جاری رکھے گا، ایکسچینج مارکیٹ پر دبا ئوکم ہو رہا ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان نے ریاستی اداروں میں اصلاحات کا وعدہ کیا۔ سرمایہ کاری کے ذریعے ملازمتوں کے موقع پیدا کرنے اور سماجی مدد کے پروگرام بہتر کرنے کا وعدہ بھی کیا ہے۔عالمی مالیاتی ادارے نے کہا کہ توانائی کی قیمتوں میں اضافے، غیر ملکی زرمبادلہ سے معیشت پر مالی و بیرونی دبائو میں کمی آئی۔ آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان بیرونی خطرات سے متاثر ہو سکتا ہے، جیو پولٹیکل کشیدگی، اجناس کی قیمت میں اضافے سے ابھرنے کی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ سخت عالمی مالی حالات کی وجہ سے ابھرنے کے لئے بھی کوشش جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔آئی ایم ایف نے کہا کہ میکرو اکنامک پائیدار ی کو مضبوط، متوازن شرح نمو میں اضافہ بنیادی ترجیحات ہیں، مالی استحکام کیلئے پبلک قرض کم کرنا بھی ترجیح ہے۔پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 3 ارب ڈالر کا سٹینڈ بائی معاہدہ طے پایا تھا۔۔۔

close