مظفرآباد (آئی این پی): آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹری خوش حال خان نے کہا ہے کہ انتخابات کے دوران امن و امان خراب کرنے یا انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ سوشل میڈیا پر گمراہ کن پروپیگنڈا پھیلانے والوں پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
مظفرآباد میں چیف سیکریٹری خوش حال خان اور سیکریٹری الیکشن کمیشن راجا محمد شکیل خان نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ آئین کے مطابق انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے اور عام انتخابات کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ میٹریل ریٹرننگ افسران اور متعلقہ پولنگ اسٹیشنز تک پہنچا دیا گیا ہے۔
چیف سیکریٹری نے کہا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے تقریباً 17 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جبکہ چاروں صوبوں کی پولیس آزاد کشمیر پولیس کے ہمراہ سکیورٹی فرائض انجام دے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ شفاف، آزاد اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ریاستی ادارے مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں ووٹر ٹرن آؤٹ ہمیشہ بلند رہا ہے اور اس بار بھی بھرپور عوامی شرکت کی توقع ہے۔ ان کے مطابق پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن میں انتخابی انتظامات مکمل ہیں اور پولنگ کا تمام سامان متعلقہ مراکز تک پہنچا دیا گیا ہے۔
اس موقع پر سیکریٹری الیکشن کمیشن راجا محمد شکیل خان نے بتایا کہ 22 ہزار انتخابی اہلکار تعینات کیے جا چکے ہیں اور تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے میرپور کا دورہ کر کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا، جبکہ انتخابی عملے کی تربیت بھی شفاف اور مؤثر انداز میں مکمل کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس، رینجرز اور فیڈرل کانسٹیبلری ہائی الرٹ ہیں تاکہ انتخابات پرامن ماحول میں منعقد ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر بائیکاٹ سے متعلق پرانی ویڈیوز چلا کر بے بنیاد تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ انتخابی مہم کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور تمام سیاسی جماعتوں و امیدواروں نے ضابطۂ اخلاق کا خیرمقدم کیا ہے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بے یقینی کا جواب ووٹ کی طاقت سے دیں اور اپنے پسندیدہ نمائندوں کا انتخاب کرتے ہوئے جمہوری عمل کو کامیاب بنائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






