//

آزاد کشمیر میں پری پول دھاندلی کے الزامات، سید بازل علی نقوی کا الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ

آزاد جموں و کشمیر کے وزیر حکومت اور لچھراٹ مظفرآباد سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار قانون ساز اسمبلی سید بازل علی نقوی نے مسلم لیگ (ن) پر آزاد کشمیر میں منظم انداز سے پری پول دھاندلی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے آزاد کشمیر کے لیے 10 بسوں کے اعلان اور انتخابی مہم کے دوران ان کی فراہمی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور سرکاری وسائل کے سیاسی استعمال کی واضح مثال ہے، جو آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے تقاضوں کے منافی ہے۔

سید بازل علی نقوی نے چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور مبینہ پری پول رگنگ کے اقدامات کا راستہ روکیں تاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شفاف، غیر جانبدار اور آئین و قانون کے مطابق انتخابات پر یقین رکھتی ہے اور کسی بھی صورت انتخابی عمل کو متنازع بنانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close