مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ میرپور ڈویژن میں انتخابی مہم 25 اور 26 جولائی کی درمیانی شب 12 بجے ختم ہو جائے گی، جس کے بعد جلسے، جلوس، ریلیاں، کارنر میٹنگز اور دیگر انتخابی اجتماعات کے انعقاد پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی مہم کے اختتام کے بعد کسی بھی انتخابی اجتماع کا انعقاد کرنا یا اس میں شرکت کرنا قانوناً ممنوع ہوگا۔ تمام امیدواروں، سیاسی جماعتوں اور کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتخابی قوانین اور ضابطۂ اخلاق پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔
الیکشن کمیشن نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی ہے کہ وہ میرپور ڈویژن میں پرامن، شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے بھرپور تعاون کریں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ انتخابی قوانین یا ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے تمام امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ انتخابی مہم مقررہ وقت پر ختم کریں اور انتخابی ضابطۂ اخلاق کی مکمل پابندی یقینی بنائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






