//

غیر قانونی استعمال کرنے پر گوگل پر بھاری جرمانہ عائد

برسلز (آئی این پی): یورپی کمیشن نے سرچ انجن کے شعبے میں مبینہ اجارہ داری کا غیر قانونی استعمال کرنے پر گوگل پر 89 کروڑ یورو (تقریباً ایک ارب ڈالر) کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق یورپی کمیشن نے اپنے بیان میں کہا کہ گوگل نے سرچ انجن میں اپنی بالادست پوزیشن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی شاپنگ، ٹریول، گیمز اور دیگر سروسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمایاں کیا، جبکہ حریف کمپنیوں کی سروسز کو سرچ نتائج میں نیچے رکھا، جو مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

کمیشن کے مطابق ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ (DMA) کے تحت بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اپنی سروسز کے حق میں جانبدارانہ رویہ اختیار کرنے کی اجازت نہیں اور انہیں شفاف، منصفانہ اور غیر امتیازی اصولوں پر عمل کرنا ہوتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ گوگل نے ڈویلپرز کو گوگل پلے اسٹور پر صارفین کو متبادل ادائیگی کے طریقوں سے آگاہ کرنے سے بھی روکا، جس سے گوگل کی فیس برقرار رہی۔ یورپی کمیشن کے مطابق یہ اقدام بھی ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

کمیشن نے گوگل کو ہدایت کی ہے کہ وہ 60 روز کے اندر فیصلے پر عملدرآمد کرے، بصورت دیگر اس پر مزید جرمانے عائد کیے جا سکتے ہیں۔

دوسری جانب گوگل نے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس سے یورپی صارفین کو نقصان پہنچے گا۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ یورپی یونین نے گوگل پر بھاری جرمانہ عائد کیا ہو۔ 2018 میں اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم سے متعلق اجارہ داری کے معاملے پر گوگل پر 4.7 ارب ڈالر جرمانہ کیا گیا تھا، جبکہ 2017 میں سرچ انجن کے شعبے میں مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی پر 2.8 ارب ڈالر کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close