وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے مولانا امتیاز عباسی کی قیادت میں جے یو آئی کے وفد کی ملاقات

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے جمعیت علمائے اسلام کے ایک وفد نے مولانا امتیاز عباسی کی قیادت میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی، انتظامی اور مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے ریاست کو درپیش چیلنجز، امن و امان، عوامی مسائل اور باہمی سیاسی ہم آہنگی کے فروغ سے متعلق اپنے خیالات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ موجودہ حالات میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے درمیان رابطوں اور مشاورت کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ، ریاست میں امن، قانون کی بالادستی اور عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کے وفد نے ریاست میں امن، استحکام اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات کے دوران اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ محرم الحرام کا آغاز ہو چکا ہے، اس لیے علماء کرام اس مقدس مہینے میں بین المسالک ہم آہنگی برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں جبکہ انتظامیہ بھی اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close