اسلام آباد: شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے باعث مختلف متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے ملک بھر میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق مون سون بارشوں کے دوران ہیضہ، ٹائیفائیڈ، ملیریا اور ڈینگی سمیت مختلف وبائی امراض کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ بارش کا پانی جمع ہونے سے مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہوتا ہے، جس سے ملیریا اور ڈینگی کے کیسز بڑھ سکتے ہیں۔
این آئی ایچ نے صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اور بیماریوں کی نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ادارے کے مطابق آلودہ پانی اور غیر معیاری خوراک ہیضہ اور ٹائیفائیڈ جیسی بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔
ادارے کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ مون سون کے دوران آسمانی بجلی گرنے اور بجلی کا کرنٹ لگنے کے خطرات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ شہری بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، گرے ہوئے تاروں اور دیگر خطرناک مقامات سے دور رہیں۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے دوران دیواروں اور چھتوں کے گرنے سے جانی نقصان کا خدشہ بھی موجود ہے، جبکہ سیلابی پانی خطرناک انفیکشنز کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔
قومی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ سیلاب کے دوران سانپ کے کاٹنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے، لہٰذا ہسپتالوں کو ضروری ادویات، اینٹی سنیک ویکسین اور او آر ایس کے مناسب ذخائر یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





