مظفرآباد: وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت ہونے والے آزاد جموں و کشمیر کابینہ کے اجلاس میں متعدد اہم قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں، جن میں پاکستان کی سفارتی کاوشوں، مسلح افواج کی خدمات، کشمیر کاز اور ریاستی ترقیاتی اقدامات کو سراہا گیا۔
منظور شدہ قرارداد میں کہا گیا کہ کابینہ مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ قرارداد کے مطابق پاکستان نے ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست کے طور پر عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کیا ہے اور امید ہے کہ اس کی سفارتی کوششیں خطے میں پائیدار امن کے قیام میں معاون ثابت ہوں گی۔
کابینہ نے 10 مئی کو ’’معرکہ حق‘‘ کے طور پر منانے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن پاکستان کی عسکری اور قومی تاریخ میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں دشمن کو مؤثر جواب دے کر قومی دفاع کو مضبوط بنایا۔
اجلاس میں پاکستان اور کشمیر کے عوام کے درمیان تعلقات کو ایمان، قربانی، اخوت اور مشترکہ جدوجہد پر مبنی لازوال رشتہ قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ یہ تعلق مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا۔
کابینہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں اور کشمیری نوجوان کی حراست کے بعد ہلاکت کی شدید مذمت کی۔ قرارداد میں اقوام متحدہ، عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔
اجلاس میں وطن کی سلامتی اور دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ قرارداد میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاک افواج کی کارروائیوں کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے شہداء کی قربانیوں کو قوم کا سرمایہ قرار دیا گیا۔
کابینہ نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت میں ریاست میں متعارف کرائی جانے والی اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کو بھی سراہا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے ریاست کے مختلف علاقوں کے دوروں کے دوران متعدد منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا، جن کی تکمیل سے عوام کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور ریاست جدید خطوط پر استوار ہوگی۔
اجلاس کے اختتام پر کابینہ نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






