وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے گریڈ 1 کے ملازمین کو مستقل کرنے کا حکم دیدیا

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کابینہ نے گریڈ ایک کے 878 بیلداروں کو مستقل کرنے، نارمل بجٹ کی آسامیوں پر تعینات ایڈہاک، عارضی اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے لیے قانون سازی، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر (ڈی ایف سی) کی پوسٹوں کی اپ گریڈیشن اور متعدد اہم انتظامی و ترقیاتی اقدامات کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت کابینہ کا 41واں اجلاس وزیراعظم ہاؤس مظفرآباد میں منعقد ہوا، جس میں کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری نے جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد سے متعلق بریفنگ دی، جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس نے امن و امان کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا۔ کابینہ نے اپنے 40ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کرتے ہوئے ان پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا۔

کابینہ نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں جاری کفایت شعاری پالیسی میں 13 جون تک توسیع کی منظوری دی۔ اجلاس میں نارمل پوسٹوں پر تعینات ایڈہاک، عارضی اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے لیے قانون سازی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں آسان کاروبار ایکٹ، نیشنل سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز پالیسی، آزاد کشمیر ڈرنکنگ واٹر پالیسی 2026، ایگریکلچر پیسٹی سائیڈ ایکٹ اور سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے کریمنل لا ایکٹ 2024 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے زراعت، لائیوسٹاک اور آبپاشی کے شعبوں میں بہتری کے لیے 2026 تا 2031 کے جامع پانچ سالہ روڈ میپ کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں سماہنی کے علاقے جنڈالہ میں جنازہ گاہ و قبرستان کے لیے 25 کنال 9 مرلے خالصہ سرکار اراضی فراہم کرنے، جبکہ تحصیل اسلام گڑھ کے گاؤں پلاک میں منگلا ڈیم متاثرین اور مہاجرین کی آبادکاری کے لیے محکمہ جنگلات کی 195 کنال 11 مرلے اراضی مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے محکمہ تعلیم کے سکولز ایجوکیشن پیکج میں ترامیم، بعض تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن، پوسٹوں کی ری ایڈجسٹمنٹ اور ضرورت کے مطابق آسامیوں کی تبدیلی کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کی پوسٹوں کو یکم جولائی سے گریڈ 17 میں اپ گریڈ کرنے کی منظوری دی گئی، جبکہ آزاد جموں و کشمیر بینک کے صدر کی تقرری کے حوالے سے سابقہ ترمیم ختم کرکے پرانا طریقہ کار بحال رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کابینہ نے چیئرمین ماحولیاتی ٹربیونل اور چیئرمین اپیلنٹ ٹربیونل ایم ڈی اے کے اختیارات ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو منتقل کرنے کی بھی منظوری دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close