لاہور : امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صومالیہ کے قریب بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے پاکستانی شہریوں کی بحفاظت اور جلد واپسی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 10 پاکستانی شہری گزشتہ 45 روز سے صومالیہ کے قریب بحری قزاقوں کے قبضے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یرغمالیوں کے اہلخانہ شدید پریشانی اور اضطراب کا شکار ہیں اور اپنے پیاروں کی سلامتی کے حوالے سے سخت تشویش میں مبتلا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اس معاملے کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے فوری اور مؤثر اقدامات کرے تاکہ یرغمال پاکستانیوں کی بحفاظت رہائی ممکن بنائی جا سکے۔
امیر جماعت اسلامی کے مطابق یرغمالیوں کے اہلخانہ نے انہیں بتایا ہے کہ قیدی بنائے گئے افراد کو پینے کے لیے زنگ آلود پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جس کے باعث ان کی صحت مسلسل خراب ہو رہی ہے اور ان کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر زور دیا کہ وہ سفارتی اور دیگر تمام ممکنہ ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے پاکستانی شہریوں کی جلد بازیابی کے لیے عملی اقدامات کرے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






