ماحولیاتی ایمرجنسی؟ قائمقام صدر چوہدری لطیف اکبر کا سرکاری محکموں کو سخت حکم

مظفرآباد: قائمقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کسی ایک ادارے یا محکمے کی ذمہ داری نہیں بلکہ حکومت، متعلقہ اداروں اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے، قدرتی وسائل کے تحفظ اور آئندہ نسلوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے شجرکاری، عوامی آگاہی اور کمیونٹی کی فعال شمولیت ناگزیر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر محکمہ ماحولیات آزاد کشمیر کے زیر اہتمام ایوان صدر مظفرآباد میں منعقدہ کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کی صدارت وزیر ماحولیات نبیلہ ایوب نے کی، جبکہ مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان، ماہرین ماحولیات، طلبہ و طالبات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

قائمقام صدر نے کانفرنس کو بروقت اور اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت کو کمیونٹی سطح تک اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے سرکاری محکموں کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ ماحولیاتی تحفظ کو اپنی ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے مؤثر اور مربوط حکمت عملی اختیار کریں۔

چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مشترکہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ صحت مند ماحول ہی پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے ری فاریسٹیشن، کمیونٹی انگیجمنٹ اور عوامی شعور کی بیداری کو ماحول کی بہتری کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

وزیر ماحولیات نبیلہ ایوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزاد کشمیر قدرتی حسن اور وسائل سے مالا مال خطہ ہے، تاہم موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گلیشیئرز کے پگھلاؤ، غیر متوقع بارشوں، سیلاب، زمین کے کٹاؤ، پانی کے بے دریغ استعمال اور جنگلات کی کٹائی جیسے مسائل تشویشناک صورت اختیار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اس وقت دنیا کو درپیش سب سے بڑا چیلنج ہے جبکہ مستقبل میں پانی کی قلت ایک سنگین بحران بن سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وسائل کی کمی سے زیادہ ضرورت مؤثر منصوبہ بندی اور عملی اقدامات کی ہے۔

وزیر ماحولیات نے میرپور سمیت مختلف علاقوں میں ڈیموں کے اطراف اور بنجر زمینوں پر شجرکاری کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اس سے زمین کے تحفظ، ماحولیاتی توازن اور سبزہ کے فروغ میں مدد ملے گی۔

کانفرنس سے مختلف محکموں کے سربراہان اور ماہرین نے بھی خطاب کیا اور عالمی یوم ماحولیات کی اہمیت، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور ماحول دوست طرز زندگی اپنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں اور بچوں میں ماحولیاتی شعور بیدار کرکے ماحول کے تحفظ کے پیغام کو معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچایا جائے گا۔

کانفرنس کے اختتام پر قائمقام صدر چوہدری لطیف اکبر، وزیر ماحولیات نبیلہ ایوب اور دیگر شرکاء میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close