مشکل وقت میں کون ساتھ کھڑا رہا؟ بڑا دعویٰ

مظفرآباد: پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے پر ایوانِ صدر مظفرآباد میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور پرچم کشائی کی۔

تقریب کے دوران پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ اس موقع پر قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر نے اپنے خصوصی پیغام میں پاکستان، چین اور کشمیر کے عوام کو پاک چین دوستی کی پلاٹینم جوبلی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی ایک لازوال رشتہ ہے جو ہر مشکل وقت میں مزید مضبوط ہوا۔

انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا اور مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جارحیت کے دوران بھی چین نے پاکستان کی سفارتی سطح پر بھرپور حمایت کی۔

چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پاک چین تعلقات کی مضبوط بنیاد رکھی جبکہ بعد ازاں یہ دوستی مزید مستحکم ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا اور پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھی چین کو اقوام متحدہ کی رکنیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ پاکستان تائیوان کے معاملے پر چین کے مؤقف کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close