بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی اہم ملاقات

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کی سیاسی، انتظامی اور ترقیاتی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مختصر عرصے میں عوام کا سیاسی نظام پر اعتماد بحال کیا اور پاکستان و آزاد کشمیر کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے 500 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں پر عملدرآمد کیا جبکہ سیاحت کے فروغ کیلئے بھی غیر معمولی اقدامات کیے گئے ہیں۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں نئے اسکولوں اور کالجوں کے قیام کی بنیاد رکھی گئی ہے تاکہ عوام کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر میں عوامی مسائل کے حل کیلئے ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی استفسار کیا اور ہدایت کی کہ تمام فریقین اور عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لے کر مسائل کے حل کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close