مظفرآباد (پی آئی ڈی) 9 مئی 2026
معرکہ حق “بنیان مرصوص” میں پاکستان کی شاندار فتح کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام مظفرآباد میں “بنیان مرصوص” ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر، کنوینر آل پارٹیز حریت کانفرنس غلام محمد صفی، ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر شوکت جاوید میر، حریت رہنما محمود احمد ساغر، سیکرٹری جنرل آل پارٹیز حریت کانفرنس ایڈووکیٹ پرویز احمد سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ریلی مظفرآباد کے برہان وانی چوک سے شروع ہو کر علمدار چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر مرد و خواتین نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان اور افواجِ پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کیے۔ شرکاء نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔بنیان مرصوص ریلی سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے مسلح افواجِ پاکستان کی جرات و بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کی عظیم الشان ریلی کشمیری عوام کے قومی جذبے اور پاکستان سے غیر متزلزل وابستگی کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کی ضمانت ہے اور کشمیری قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں بھارت کا غرور خاک میں مل چکا ہے جبکہ کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام پاکستان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں اور پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری پاکستان کے مثبت اور پرامن کردار کو تسلیم کر رہی ہے جبکہ بھارت کے تمام مذموم عزائم ناکام ہو چکے ہیں۔چوہدری لطیف اکبر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری قوم آزادی کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و استحکام کشمیری عوام کی امیدوں کا محور ہے اور افواجِ پاکستان نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ سبز ہلالی پرچم کشمیریوں کی امنگوں کی ترجمانی کرتا ہے اور بھارت ظلم و جبر کے ذریعے کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو دبانے میں ناکام رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام پاکستان سے اپنی محبت پر فخر کرتے ہیں اور پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر آزادی کی فضا میں سانس لے گا، اور کشمیری عوام ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کنوینر کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارت کے خلاف معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان کی کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ اس عظیم کامیابی پر شکر ادا کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ریلی کے ذریعے دنیا، خصوصاً بھارت کو واضح پیغام دیا جا رہا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام کی خوشی دراصل پاکستان کی خوشی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں اور کشمیریوں کو پاکستان سے جدا کرنے کی تمام تر کوششیں ناکام رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت، عوامِ پاکستان اور بالخصوص کشمیری عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، جنہوں نے اس عظیم کارنامے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






