پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر پی ٹی آئی کا سخت ردِ عمل سامنے آگیا

تحریک انصاف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو عوامی استحصال قرار دیتے ہوئے اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری پہلے ہی سنگین سطح پر ہے، جبکہ سی این جی کی بندش اور مہنگے پیٹرول نے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے ترجمان کے مطابق حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کے دباؤ میں دھکیل دیا ہے، اور ڈیزل و پیٹرول کی نئی قیمتیں معیشت پر حکومتی کنٹرول کے کمزور ہونے کی واضح علامت ہیں۔ ان کے مطابق یہ اضافہ صرف اعداد و شمار نہیں بلکہ ہر گھر کے بجٹ پر براہِ راست اثر ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اس فیصلے کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ کے کرائے مزید بڑھیں گے، جبکہ روزمرہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ زرعی شعبے پر بھی لاگت کا دباؤ بڑھے گا۔

اسد قیصر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ پیٹرولیم لیوی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور ایل پی جی سلنڈر بھی عام شہری کی پہنچ سے باہر ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق حکومت اپنی ناکام معاشی پالیسیوں کا بوجھ عوام پر منتقل کر رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close