شوگر اور بلڈ پریشر کے سبب آنکھوں کے پردے ضائع ہورہے ہیں۔ الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال میں ریٹینا کے مریضوں کا علاج مفت ہورہا ہے۔

راولپنڈی۔ الشفا ٹرسٹ آئی اسپتال کے ریٹینا کلینک کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر عبدالحَنان نے کہا ہے کہ اچانک اور بغیر درد کے بینائی متاثر ہونا آنکھ کے پردے (ریٹینا) کی رگ بند ہونے کی علامت ہو سکتا ہےجس کے لیے فوری طبی معائنہ ضروری ہے۔ ریٹینا کی رگ بند ہونے سے خون کی گردش متاثر ہوتی ہے اور پردے میں سیال جمع ہونے لگتا ہےجس سے بینائی اچانک متاثر ہو سکتی ہے۔ان کے مطابق ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر اس بیماری کے بڑے عوامل ہیں جبکہ بڑھتی عمر، سگریٹ نوشی اور کالا موتیا بھی خطرہ بڑھاتے ہیں۔

ڈاکٹر عبدالحَنان نے کہا کہ الشفا ٹرسٹ آئی اسپتال راولپنڈی میں پاکستان کا سب سے بڑا ریٹینا شعبہ قائم ہے جہاں ماہر ڈاکٹروں، او پی ڈی مریضوں اور سرجریوں کی تعداد کے لحاظ سے ملک میں سب سے زیادہ خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے باعث پردہ چشم متاثر ہونے کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بچے بھی تیزی سے اس بیماری کا شکار ہو رہے ہیں جس کے لیے مزید ماہرین اور بروقت تشخیص کی ضرورت ہے۔چونکہ اس بیماری میں درد لازمی نہیں ہوتا، اس لیے مریض اکثر علاج میں تاخیر کر دیتے ہیں۔

ڈاکٹر عبدالحَنان کے مطابق علاج میں اینٹی وی ای جی ایف انجیکشن اور لیزر تھراپی شامل ہیں جو مفت فراہم کیے جاتے ہیں۔اکتوبر 2025 سے اکتوبر 2026 تک اسپتال میں ایک لاکھ 19 ہزار 694 او پی ڈی مریضوں کا معائنہ، 16 ہزار 467 سرجریاں اور 37 ہزار 513 لیزر و انجیکشن کے علاج کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ علاج میں تاخیر مستقل بینائی سے محرومی کا سبب بن سکتی ہے، جس سے مریضوں کی روزگار اور آمدنی متاثر ہوتی ہے۔ ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کو اپنی بیماریوں پر قابو رکھنا چاہیے۔