کراچی (آن لائن) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آج نہایت اہم دن اور خوشی کا موقع ہے۔ خواتین کو بااختیار بنانا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کی عکاسی ہے۔ شہید بی بی نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے لیڈی ہیلتھ ورکرز، فرسٹ ویمن بینک اور دیگر اہم منصوبے شروع کیے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں پہلے خواتین اتنی خودمختار نہیں تھیں جتنی آج ہیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد صدر آصف علی زرداری نے مستحق خواتین کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، جس کے تحت کئی خواتین کے شناختی کارڈ بنوائے گئے اور یوں ووٹرز کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج ہماری خواتین رہنما، جن میں میڈم فریال تالپور، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، نفیسہ شاہ، شازیہ مری اور دیگر شامل ہیں، جنرل نشستوں پر اسمبلیوں میں موجود ہیں۔ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری نے خصوصی ہدایات دی ہیں۔ خواتین کے لیے پنک ٹیکسیاں بھی جلد شروع کی جائیں گی، جو خواتین کی ترقی اور بااختیاری کے لیے انقلابی اقدامات کا حصہ ہیں۔
میرپورخاص میں خواتین میں مفت پنک اسکوٹیز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کسانوں کے لیے ہاری کارڈ اور مزدوروں کے لیے لیبر کارڈ جاری کیے جا رہے ہیں۔ تھر کے کوئلے سمیت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں سندھ سب سے آگے ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ آج یہاں آنے والی خواتین کون ہیں، تاہم حکومت بلاامتیاز اور بلا تفریق خواتین میں پنک اسکوٹیز تقسیم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج خواتین کے والد اور بھائی بھی اپنی خواتین کو موٹر سائیکل چلانے کی اجازت دے رہے ہیں۔ خواتین کے ڈرائیونگ لائسنس کی تعداد پہلے بہت کم تھی، تاہم اب اس میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ خواتین کو پنک اسکوٹیز کی فراہمی کا یہ سلسلہ رکنے والا نہیں ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والی 50 ہزار خواتین کو ای وی اسکوٹیز فراہم کی جائیں۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اگر کسی مرد کو پنک اسکوٹی استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ سندھ ملک کا واحد صوبہ ہے جو خواتین کو مفت ای وی اسکوٹیز فراہم کر رہا ہے۔ خواتین کو تربیت فراہم کرنے کے بعد ٹیسٹ پاس کرنے والی خواتین کو ای وی اسکوٹیز دی جا رہی ہیں اور یہ ای وی اسکوٹیز سندھ کے ہر ضلع میں خواتین کو فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین زندگی کے ہر شعبے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے گی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کی نیک نامی کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے تاریخی کارنامے انجام دیے ہیں۔ پاکستان کا آئین، میزائل ٹیکنالوجی اور ایٹمی پروگرام پیپلز پارٹی کی کاوشوں کا نتیجہ ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ایٹمی پروگرام سمیت دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنا کر پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کے خلاف جو مؤقف اختیار کیا، اسے دنیا بھر میں سراہا گیا۔






