سکیورٹی ہائی الرٹ ، سول سیکرٹریٹ سمیت اہم عمارتوں کو خالی کرالیا گیا

*پشاور میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، سول سیکرٹریٹ سمیت اہم عمارتیں خالی*

 

پشاور میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہر بھر میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور سول سیکرٹریٹ سمیت کئی اہم سرکاری عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا۔

 

تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے بعد پشاور کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس گشت اور نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔

 

سول سیکرٹریٹ پشاور کو خالی کراتے ہوئے وہاں موجود افسران اور ملازمین کو دفاتر سے گھروں کو بھیج دیا گیا۔ سیکرٹریٹ کی مسجد کو بھی بند کر دیا گیا اور نماز جمعہ کے لیے موجود افراد کو باہر جانے کی ہدایت کی گئی۔

 

نماز جمعہ کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے چیف سیکرٹری آفس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ لی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتے، خیبرپختونخوا کے عوام اور حکومت دہشت گردی کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائیں گے۔ دہشت گردی کا ہر محاذ پر مقابلہ کیا جائے گا اور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

 

دوسری جانب پولیس لائنز پشاور جانے والے تمام راستوں پر سیکیورٹی سخت کرتے ہوئے داخلہ بند کر دیا گیا ہے، جبکہ ایکسائز ہیڈکوارٹر کو بھی فوری طور پر بند کر دیا گیا۔

 

سینٹرل جیل پشاور کی سیکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے اور قیدیوں سے ملاقاتیں معطل کر دی گئی ہیں۔ ایم پی اے ہاسٹل کو خالی کرنے اور کوہاٹ کچہری بند کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔