وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور مون سون سیزن کے دوران شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے کیے گئے پیشگی انتظامات پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ہر ممکن امداد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور امدادی سامان کی بروقت ترسیل کے لیے متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں، متعلقہ اداروں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ مسلسل اور مؤثر رابطہ رکھنے کی ہدایت کی۔
ملاقات کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں کیے گئے پیشگی اقدامات کے باعث متعلقہ ادارے مون سون سیزن کی صورتحال کی مؤثر نگرانی کر رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیراعظم کو مون سون سیزن کے متوقع رجحانات اور صوبوں و متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے جاری انتظامات سے بھی آگاہ کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں کسی بھی ہنگامی موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ادارے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔






