اسلام آباد: وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، عدالت نے واضح کر دیا ہے کہ معمولاتِ زندگی میں خلل کی اجازت نہیں دی جاسکتی، عوام نے مینڈیٹ حکومت چلانے اور خدمت کرنے کے لیے دیا ہے، احتجاج کے لیے نہیں۔
طارق فضل چودھری نے ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، عدالت نے واضح کر دیا ہے کہ معمولاتِ زندگی میں خلل کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست کا محور احتجاج، دھرنے، مارچ اور سڑکوں کی سیاست ہے، عوام نے انہیں حکومت اس لیے دی تھی کہ وہ اسلام آباد کی طرف مارچ کریں، صوبے میں تعلیم، صحت، روزگار، امن و امان اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دیں۔
طارق فضل چودھری نے کہا کہ عوام نے مینڈیٹ حکومت چلانے اور خدمت کرنے کے لیے دیا، احتجاج کے لیے نہیں۔ خیبر پختونخوا کے عوام پوچھ رہے ہیں کہ صوبے کی کارکردگی کہاں ہے؟ ہسپتال، سکول، سڑکیں، روزگار اور امن و امان کے مسائل کب حل ہوں گے؟
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو احتجاجی سیاست سے نکل کر خیبر پختونخوا کے عوام کو جواب دینا ہوگا، حکومت سڑکوں پر نہیں بلکہ کارکردگی سے چلائی جاتی ہے۔






