موٹروے سے سفر کرنے والے ہوشیار!

لاہور: موٹروے پر سفر کرنے والے شہریوں کے لیے اہم ہدایات جاری کردی گئیں، موٹروے ایم ٹو ساؤتھ پر سڑک کی مرمت کے باعث بعض لینز عارضی طور پر بند کردی گئی ہیں۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ایم ٹو ساؤتھ پر خانقاہ ڈوگراں نارتھ باؤنڈ کے مقام پر سڑک کی مرمت کا کام جاری ہے۔ ایف ڈبلیو او کی جانب سے متاثرہ حصے میں پیچ ورک شروع کردیا گیا ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

ترجمان کے مطابق مرمتی کام کے دوران سڑک کی دوسری اور تیسری لین تقریباً 200 سے 250 میٹر تک بند رکھی گئی ہیں۔ متاثرہ مقام پر سڑک کی تعمیر، مرحلہ وار بھرائی اور دیگر ضروری مرمتی کام کیا جا رہا ہے۔

موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ مسافروں کی حفاظت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متاثرہ مقام پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مرمتی حصے کے اطراف کونز اور ڈائیورژن بورڈز نصب کردیئے گئے ہیں تاکہ ڈرائیورز کو راستے میں ہونے والی تبدیلی سے بروقت آگاہ کیا جاسکے۔

موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ مرمتی کام والے مقام پر پہنچتے ہی گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور اوورٹیکنگ سے گریز کرتے ہوئے انتہائی احتیاط کے ساتھ سفر کریں۔

حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ موٹروے پر سفر کے دوران ٹریفک سائنز اور پولیس اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جاسکے۔