پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ

لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال اور ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں عوامی مقامات، سڑکوں، شاہراہوں اور کھلی جگہوں پر 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، ریلی، جلسے، جلوس، دھرنے اور مظاہروں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے پنجاب میں عوامی اجتماعات کے دوران دہشت گردی کے ممکنہ خطرات سے متعلق رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔

دفعہ 144 کے تحت شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین اور مساجد و گرجا گھروں میں عبادات کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، جبکہ سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے سرکاری فرائض اور عدالتوں کی کارروائیاں بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔