لاہور: ڈریسنگ روم لیکس کی تحقیقات کے معاملے پر کرکٹر محمد رضوان نے پریس کانفرنس کرنے کا عندیہ دے دیا۔
خصوصی گفتگو میں محمد رضوان نے بتایا کہ وہ تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہے ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے کا انتظار ہے۔
محمد رضوان نے کہا کہ ڈریسنگ روم لیکس کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد وہ نیوز کانفرنس بھی کر سکتے ہیں، تاہم انہوں نے این سی سی آئی اے میں پیشی اور کیس پر مزید بات کرنے سے گریز کیا۔
یاد رہے کہ 10 ستمبر کو قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی امام الحق اور محمد رضوان نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں پیش ہوئے تھے، جہاں انگلینڈ سیریز کے دوران مبینہ ڈریسنگ روم لیکس اور موبائل فون سے حاصل ہونے والی معلومات سے متعلق دونوں کرکٹرز سے دو گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کے فون ان لاک کرنے اور فرانزک کرانے کا تعین کیا جا رہا ہے۔ فرانزک کن چیزوں پر ہوگا، اس کا بھی تعین کیا جا رہا ہے، جبکہ کھلاڑیوں کے موبائل فون کے فرانزک میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔
امام الحق اور محمد رضوان نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو جلد تحریری جواب جمع کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ موبائل فرانزک کے بعد بینک اکاؤنٹ کی جانچ پڑتال یا دیگر امور نمٹانے کا فیصلہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے نے دونوں کھلاڑیوں سے انگلینڈ میں قیام کے دوران ان کے رابطوں اور ملاقاتوں سے متعلق بھی سوالات کیے، جبکہ موبائل فونز پر گفتگو اور ڈریسنگ روم کی حساس معلومات لیک ہونے پر بھی پوچھ گچھ کی گئی۔
خیال رہے کہ محمد رضوان اور امام الحق ان کرکٹرز میں شامل ہیں جنہیں لارڈز ٹیسٹ کے بعد ٹیم سے ریلیز کر دیا گیا تھا۔ پی سی بی نے کرکٹرز کے موبائل فون متعلقہ اداروں کو بھیج دیے تھے، جبکہ این سی سی آئی اے کھلاڑیوں کے موبائل فون سے حاصل معلومات کی بنیاد پر تفتیش کر رہا ہے۔






