پی ٹی آئی کارکنان آئین کے مطابق اسلام آباد میں داخل ہوں گے، بیرسٹر گوہر

بونیر: چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اختلافِ رائے کی قدر کرنا جمہوریت کا حصہ ہے، حکومت سخت اقدامات کے بجائے مفاہمت کی طرف بڑھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی 14 ستمبر کو میانوالی سے اسٹریٹ موومنٹ شروع کریں گے، وہ 14 ستمبر کو میانوالی اور فیصل آباد جبکہ 15 ستمبر کو لاہور جائیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرامن اور آئین و قانون کے مطابق اسٹریٹ موومنٹ کریں گے، پی ٹی آئی کارکنان اپنے وزیراعلیٰ کا بھرپور استقبال کریں۔ پنجاب حکومت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے راستے میں رکاوٹیں نہ ڈالے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان اسلام آباد پرامن طریقے سے آئیں گے، کارکنان کو ہراساں کرنے اور پکڑ دھکڑ سے گریز کیا جائے۔ سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے مفاہمت اور بہتر اقدامات کی ضرورت ہے، حکومت سخت اقدامات کے بجائے مفاہمت کی طرف بڑھے۔