بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تعلیمی وظائف پروگرام میں بچوں کی رجسٹریشن کا طریقہ انتہائی آسان ہے۔
بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام میں رجسٹریشن کے لیے ضروری ہے کہ بچے کی والدہ بینظیر کفالت پروگرام میں اہل ہوں اور بچے کے پاس نادرا کا جاری کردہ فارم ب موجود ہو۔
رجسٹریشن کے لیے والدہ بچے کو ہمراہ لے کر قریبی بی آئی ایس پی تحصیل دفتر جائیں۔ وہاں بچے کا فارم ب اور وہ موبائل نمبر فراہم کرنا ہوگا جو بی آئی ایس پی کے ریکارڈ میں پہلے سے رجسٹرڈ ہے۔
رجسٹریشن کے بعد بی آئی ایس پی دفتر سے انرولمنٹ سلپ حاصل کی جائے گی، جسے بچے کے اسکول سے مکمل کروانا ہوگا۔ سلپ میں بچے کی کلاس، سیکشن، کلاس ٹیچر کا نام، ہیڈ ٹیچر کے دستخط اور دیگر مطلوبہ معلومات درج کی جائیں گی۔
مکمل شدہ انرولمنٹ سلپ دوبارہ بی آئی ایس پی تحصیل دفتر میں جمع کروانے کے بعد ضروری تصدیق کا عمل مکمل کیا جائے گا، جس کے بعد بچے کا تعلیمی وظیفہ جاری کردیا جائے گا۔
وظیفہ جاری رکھنے کے لیے بچے کی اسکول میں کم از کم 70 فیصد حاضری لازمی ہے۔ اگر بچہ اسکول تبدیل کرے تو فوری طور پر قریبی بی آئی ایس پی تحصیل دفتر کو اطلاع دینا ضروری ہے تاکہ ریکارڈ بروقت اپ ڈیٹ کیا جاسکے۔
بی آئی ایس پی کی تمام سہولیات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ کسی بھی مرحلے پر رقم کا مطالبہ کیا جائے تو متعلقہ حکام کے پاس فوری شکایت درج کرائی جائے۔





