عمران خان کی رہائی کیلئےبریک تھرو؟ پی ٹی آئی رہنما نے بڑا دعویٰ کردیا

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی بریگیڈیئر (ر) اسلم گھمن نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی اور سیاسی بریک تھرو کے لیے اعلیٰ ترین سطح پر بات چیت جاری ہے اور عمران خان رواں سال جیل سے باہر آجائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، حکومت کی کارکردگی اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق اہم دعوے کیے۔

اسلم گھمن نے کہا کہ عمران خان کی رہائی اور سیاسی بحران کے حل کے لیے اعلیٰ سطح پر مذاکرات ہو رہے ہیں اور مذاکرات میں شامل بعض افراد سے ان کی بات چیت بھی ہوئی ہے، تاہم انہوں نے شخصیات کے نام بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ یہ نام ان کے لیے امانت ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کے مطابق مذاکرات کا بنیادی مقصد بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور ملک میں بڑے سیاسی بریک تھرو کی راہ ہموار کرنا ہے، مگر انہوں نے مذاکرات کی تفصیلات، فریقین یا ممکنہ فارمولے کے بارے میں مزید معلومات نہیں دیں۔

بریگیڈیئر (ر) اسلم گھمن نے کہا کہ عمران خان اصولوں پر قائم ہیں اور وہ کسی ایک فرد یا گروہ کی اجارہ داری پر آمادہ نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے امکانات موجود ہیں اور وہ اسی سال جیل سے باہر آئیں گے، جس کی وجہ حکمرانوں کی مبینہ ناکامی اور ملک و معیشت چلانے میں حکومت کی ناکامی قرار دی۔