لاہور: سرکاری اسکولوں میں طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے روشناس کرانے کے لیے جمنائی لرننگ اور سرٹیفکیشن پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
پروگرام کے تحت آٹھویں سے دسویں جماعت کے طلبہ کو گوگل جمنائی کے استعمال، مصنوعی ذہانت، پرامپٹ انجینئرنگ اور جمنائی کے عملی استعمال کی تربیت دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق سرکاری اسکولوں میں طلبہ کے لیے جمنائی اکیڈمی اور کری ایٹو آور کا اہتمام کیا جائے گا، جبکہ طلبہ کو اے آئی سیفٹی، اخلاقیات اور ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
جماعت ششم سے ہشتم کے طلبہ کے لیے بی انٹرنیٹ اویئر پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔ اسکول سربراہان کو طلبہ کی جمنائی سرگرمیوں اور شرکت کا ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
جمنائی پروگرام کے تحت طلبہ کے آن لائن سرٹیفکیشن امتحان کے لیے بھی انتظامات کیے جائیں گے، جبکہ سرکاری اسکولوں میں گوگل ورک اسپیس ٹولز کے استعمال سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی۔
حکام کے مطابق جمنائی سرگرمیاں اسکول اوقات کار میں منعقد ہوں گی، جبکہ جمنائی کلاسز کا ٹائم ٹیبل اسکول سربراہ کی منظوری سے تبدیل کیا جا سکے گا۔






