لاہور: پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے لاہور میں بسنت فیسٹیول کے انعقاد کا فیصلہ کر لیا ہے، جس میں پھولوں، پتنگوں اور ثقافتی رنگوں کے ذریعے شہر کی خوبصورتی کو اجاگر کیا جائے گا۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت بسنت فیسٹیول کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈی جی پی ایچ اے احمد عثمان جاوید نے فیسٹیول کے انتظامات پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں بسنت کے رنگوں سے سجے گرینڈ کلچرل میلے کے لیے تجاویز طلب کی گئیں۔ بلال یاسین نے کہا کہ لاہور کی شاہراہیں رنگ برنگی سجاوٹ، خصوصی فلوٹس اور ثقافتی جھلکیوں سے جگمگائیں گی۔
وزیر ہاؤسنگ کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو خیرمقدمی بینرز اور خصوصی لائٹنگ سے سجایا جائے گا، جبکہ تاریخی لاہور کی ثقافت اور روایتی رنگوں کو بسنت فیسٹیول کا نمایاں حصہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف مقامات پر خصوصی فلوٹس اور ثقافتی پروگرام پیش کیے جائیں گے، جبکہ بسنت فیسٹیول میں روایتی کھانوں اور لاہوری ذائقوں کے خصوصی کھابہ اسٹالز بھی لگائے جائیں گے۔
بلال یاسین نے کہا کہ نامور موسیقار اور فنکار اپنی موسیقی کے ذریعے زندہ دلانِ لاہور کا لہو گرمائیں گے اور فیسٹیول کو یادگار بنایا جائے گا۔






