وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت احساس بزرگ کارڈ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں بزرگ شہریوں کے لیے بی آر ٹی بسوں میں مفت سفر کی سہولت کے لیے احساس بزرگ کارڈ کی اصولی منظوری دی گئی۔
بریفنگ کے مطابق بی آر ٹی بسوں میں مفت سفر کی سہولت 60 سال اور اس سے زائد عمر کے شہریوں کو حاصل ہوگی۔ اس سہولت پر سالانہ 935 ملین روپے لاگت آئے گی، جو صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔
بزرگ شہریوں کی نادرا سے تصدیق کے بعد انہیں پانچ ماہ کے عرصے میں احساس بزرگ کارڈز جاری کیے جائیں گے۔ کارڈ کے غلط استعمال کی صورت میں شہری پر 500 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ احساس بزرگ کارڈ عمران خان کے فلاحی ریاست کے وژن کی عملی تعبیر ہے۔ بزرگ شہریوں کو باوقار اور آسان سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کے عوام دوست ایجنڈے کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اور دیرپا اقدامات جاری رکھے گی۔






