پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی تجویز اور پروپوزل بورڈ کے سامنے پیش کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی آئی اے بورڈ لیفٹیننٹ جنرل (ر) انوار علی حیدر کی سربراہی میں پی آئی اے بورڈ کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں قومی ایئرلائن کے آپریشنز کو فعال بنانے اور بیڑے کی توسیع کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔
چیف فنانشل آفیسر نے اجلاس میں پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی تجویز اور پروپوزل بورڈ کے سامنے پیش کیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں ایئرلائن کے لیے نئے فضائی میزبانوں (کیبن کریو) کی بھرتی اور ان کے لیے نئے ڈریس کی منظوری پر بھی غور کیا گیا۔
2 نئے بوئنگ طیارے لیز پر: بورڈ کو پی آئی اے کے لیے 2 نئے بوئنگ طیارے ‘ویٹ لیز’ پر حاصل کرنے کے معاملے پر بریفنگ دی گئی ، جس کے بعد دونوں طیاروں کی لیزنگ سے متعلق امور جلد فائنل ہونے کا امکان ہے۔
پی آئی اے کے جو بوئنگ طیارے گراؤنڈ ہیں، انہیں مرمت کے بعد جلد دوبارہ بیڑے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے
بورڈ کو بتایا گیا کہ جہازوں کی مینٹیننس کے لیے درکار پرزہ جات خریدے جا رہے ہیں۔
یاد رہے بینکوں کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پی آئی اے کو مالی تعاون فراہم کیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کو ایک ارب روپے کے فنڈز جاری کر دیے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ فنڈز ملنے پر پی آئی اے نے ملازمین کی تنخواہیں ادا کر دی ہیں۔
قومی ایئرلائن ( پی آئی اے ) کی نجکاری کا فیصلہ ہوتے ہی بینکوں نے پی آئی اے کیلئے قرضہ منظور کرلیا۔






