گاڑی خریدنے کے خواہشمند افراد کیلئے اہم خبر

وزیراعظم کو پیش کی گئی نئی آٹو پالیسی میں ہائبرڈ گاڑیوں کی درآمد پر آئندہ پانچ سال کے دوران ٹیکس اور ڈیوٹی میں مرحلہ وار کمی کی تجویز دی گئی ہے۔

نئی آٹو پالیسی 2026 سے 2031 تک کے لیے تیار کی گئی ہے اور اس کا حتمی ڈرافٹ وزیراعظم کو پیش کردیا گیا ہے۔ پالیسی ڈرافٹ کے تحت 1800 سی سی سے زائد ہائبرڈ گاڑیوں کی درآمد پر آئندہ پانچ سال کے دوران ٹیکس میں مرحلہ وار کمی کی تجویز ہے۔

1801 سی سی سے زائد ہائبرڈ گاڑیوں پر ڈیوٹی پانچ سال میں مرحلہ وار 50 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ 1501 سے 1800 سی سی تک ہائبرڈ گاڑیوں پر بھی ڈیوٹی 50 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد تک لانے کی تیاری ہے۔

دستاویز کے مطابق 851 سے 1000 سی سی اور 800 سی سی تک ہائبرڈ گاڑیوں پر بھی آئندہ پانچ سال میں ڈیوٹی 50 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔

نئی آٹو پالیسی میں ہائبرڈ ٹرک پر ڈیوٹی 30 فیصد سے کم کرکے 15 فیصد کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ ہائبرڈ کمرشل گاڑیوں پر ڈیوٹی 60 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد، جبکہ ہائبرڈ بسوں پر ڈیوٹی 30 فیصد سے کم کرکے 15 فیصد تک لانے کی تجویز دی گئی ہے۔

نئی آٹو پالیسی کا مقصد گاڑیوں کی صنعت میں سرمایہ کاری، مقامی پیداوار اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا قرار دیا گیا ہے۔