مسلم لیگ ن پنجاب کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، جس میں متوقع بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پارٹی کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔
صوبائی صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناء اللہ نے اجلاس ہفتے کے روز سہ پہر 3 بجے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں طلب کیا ہے۔ اجلاس سے قبل رانا ثناء اللہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔
اجلاس میں متوقع بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں اور پارٹی حکمت عملی پر مشاورت ہوگی، جبکہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف کارروائی پر بھی غور کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ غیر فعال تنظیمی عہدیداروں کے خلاف ایکشن، اضلاع اور پارٹی کے مختلف ونگز میں خالی عہدوں پر نامزدگیوں سمیت دیگر تنظیمی امور پر بھی مشاورت ہوگی۔






