وزیراعلیٰ پنجاب ای بائیک اسکیم 2026 کے تحت طلبہ و طالبات کو الیکٹرک بائیک کی خریداری کے لیے بلاسود فنانسنگ، سرکاری سبسڈی اور آسان ماہانہ اقساط کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ پنجاب بھر کے اہل سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
اسکیم کے لیے درخواست دینے والے امیدوار کی عمر کم از کم 16 سال ہونا ضروری ہے۔ امیدوار کے پاس درست ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ اور کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ والدین یا قانونی سرپرست ضامن بن سکیں گے، جبکہ درخواست میں فراہم کیا جانے والا موبائل نمبر بھی ضامن کے نام پر رجسٹرڈ ہونا ضروری ہوگا۔
درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ
طلبہ و طالبات ای بائیک اسکیم 2026 کے لیے 4 اکتوبر 2026 تک آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواستیں مقررہ سرکاری آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی۔
الیکٹرک بائیک کی خصوصیات
اسکیم کے تحت اہل طلبہ کو 72 وولٹ اور 30 ایمپیئر آور بیٹری سے لیس الیکٹرک بائیک فراہم کی جائے گی۔ بائیک میں 1,000 واٹ کی موٹر نصب ہوگی جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار تقریباً 50 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی گئی ہے۔
طلبہ کے لیے مفت اسکوٹی ٹریننگ
اس پروگرام میں شامل طلبہ و طالبات کو اسکوٹی چلانے کی مفت تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔ لاہور میں اس مقصد کے لیے پانچ تربیتی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں طلبہ اپنی شناختی دستاویز کے ساتھ تربیت حاصل کر سکتے ہیں۔
تربیتی مراکز میں ابشر ڈرائیونگ اسکول، لبرٹی خدمت مرکز، گریٹر اقبال پارک، ٹریفک پولیس لائنز مناواں اور ایل او ایس فیروز پور روڈ شامل ہیں۔
ٹریننگ مراکز پر لائسنس کی سہولت
طلبہ کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے لاہور ٹریفک پولیس نے ان مراکز پر اسکوٹی لائسنس کے اجرا کے لیے خصوصی کاؤنٹرز بھی مختص کیے ہیں۔ اس طرح طلبہ کو ڈرائیونگ تربیت کے ساتھ لائسنس کے حصول کی سہولت بھی ایک ہی نظام کے تحت میسر آسکے گی۔
اسکیم میں شامل اہل طلبہ کو مفت ہیلمٹ اور دیگر حفاظتی سامان فراہم کرنے کی سہولت بھی رکھی گئی ہے۔
طلبہ ای بائیک اسکیم سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے اور آن لائن درخواست جمع کرانے کے لیے پنجاب حکومت کے سرکاری پورٹل bikes.punjab.gov.pk سے رجوع کر سکتے ہیں۔






